67:1نہایت بزرگ و برتر ہے 1 وہ جس کے ہاتھ میں کائنات کی سلطنت ہے، 2 اور وہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔ 3
67:2جس نے موت اور زندگی کو ایجاد کیا تاکہ تم لوگوں کو آزما کر دیکھے تم میں سے کون بہتر عمل کرنے والا ہے، 1 اور وہ زبردست بھی ہے اور درگزر فرمانے والا بھی۔ 2
67:3س نے تہ بر تہ سات آسمان بنائے۔ 1 تم رحمٰن کی تخلیق میں کسی قسم کی بے ربطی نہ پاوٴ گے۔ 2 پھر پلٹ کر دیکھو، کہیں تمہیں کوئی خلل نظر آتا ہے؟ 3
67:4بار بار نگاہ دوڑاؤ تمہاری نگاہ تھک کر نامراد پلٹ آئے گی
67:5ہم نے تمہارے قریب کے آسمان 1 کو عظیم الشان چراغوں سے آراستہ کیا ہے 2 اور اُنہیں شیاطین کو مار بھگانے کا ذریعہ بنا دیا ہے۔ 3 اِن شیطانوں کے لیے بھڑکتی ہوئی آگ ہم نے مہیّا کر رکھی ہے
67:6جن لوگوں نے اپنے ربّ سے کفر کیا ہے 1 ان کے لیے جہنّم کا عذاب ہے اور وہ بہت ہی بُرا ٹھکانا ہے
67:7جب وہ اُس میں پھینکے جائیں گے تو اس کے دَھاڑنے کی ہولناک آوازیں سُنیں گے 1 اور وہ جوش کھا رہی ہوگی
67:8شِدّتِ غضب سے پھٹی جاتی ہو گی۔ ہر بار جب کوئی انبوہ اس میں ڈالا جائے گا، اُس کے کارندے اُن لوگوں سے پوچھیں گے”کیا تمہارے پاس کوئی خبردار کرنے والا نہیں آیا تھا؟“ 1
67:9وہ جواب دیں گے”ہاں، خبردار کرنے والا ہمارے پاس آیا تھا ، مگر ہم نے اسے جھٹلا دیا اور کہا اللہ نے کچھ بھی نازل نہیں کیا ہے، تم بڑی گمراہی میں پڑے ہوئے ہو۔“ 1
67:10اور وہ کہیں گے ”کاش ہم سُنتے اور سمجھتے 1 تو آج اِس بھَڑکتی ہوئی آگ کے سزا واروں میں نہ شامل ہوتے۔“
67:11اس طرح وہ اپنے قصورکا 1 خود اعتراف کر لیں گے، لعنت ہے ان دوزخیوں پر
67:12جو لوگ بے دیکھے اپنے ربّ سے ڈرتے ہیں، 1 یقیناً اُن کے لیے مغفرت ہے اور بڑا اجر۔ 2