29:64اور یہ دنیا کی زندگی کچھ نہیں ہے مگر ایک کھیل اور دل کا بہلاوا۔1 اصل زندگی کا گھر تو دارِ آخرت ہے، کاش یہ لوگ جانتے۔2
29:65جب یہ لوگ کشتی پر سوار ہوتے ہیں تو اپنے دین کو اللہ کے لیے خالص کر کے اُس سے دُعا مانگتے ہیں، پھر جب وہ اِنہیں بچا کر خشکی پر لے آتا ہے تو یکایک یہ شرک کرنے لگتے ہیں
29:66تا کہ اللہ کی دی ہوئی نجات پر اس کا کفر ان نعمت کریں اور (حیات دنیا کے) مزے لوٹیں۔1 اچھا، عنقریب انہیں معلوم ہو جائے گا
29:67کیا یہ دیکھتے نہیں ہیں کہ ہم نے ایک پُر امن حرم بنا دیا ہے حالانکہ ان کے گرد وپیش لوگ اُچک لیے جاتے ہیں؟1 کیا پھر بھی یہ لوگ باطل کو مانتے ہیں اور اللہ کی نعمت کا کفران کرتے ہیں؟
29:68اس شخص سے بڑا ظالم کون ہو گا جو اللہ پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب کہ وہ اس کے سامنے آچکا ہو؟1 کیا ایسے کافروں کا ٹھکانہ جہنم ہی نہیں ہے؟
29:69جو لوگ ہماری خاطر مجاہدہ کریں گے انہیں ہم اپنے راستے دکھائیں گے،1 اور یقیناً اللہ نیکو کاروں ہی کے ساتھ ہے
30:1ا ل م
30:2رومی قریب کی سرزمین میں مغلوب ہو گئے ہیں
30:3اور اپنی اس مغلوبیت کے بعد چند سال کے اندر وہ غالب ہو جائیں گے۔1
30:4اللہ ہی کا اختیار ہے پہلے بھی اور بعد میں بھی۔1 اور وہ دن وہ ہو گا جبکہ اللہ کی بخشی ہوئی فتح پر مسلمان خوشیاں منائیں گے۔2
30:5اللہ نصرت عطا فرماتا ہے جسے چاہتا ہے، اور وہ زبردست اور رحیم ہے