58:1اللہ نے سُن لی 1 اُس عورت کی بات جو اپنے شوہر کے معاملہ میں تم سے تکرار کر رہی ہے اور اللہ سے فریاد کیے جاتی ہے۔ اللہ تم دونوں کی گفتگو سُن رہا ہے، 2 وہ سب کچھ سُننے اور دیکھنے والا ہے
58:2تم میں سے جو لوگ اپنی بیویوں سے ظہار کرتے ہیں 1 ان کی بیویاں ان کی مائیں نہیں ہیں،ا ن کی مائیں تو وہی ہیں جنہوں نے ان کو جنا ہے۔ 2 یہ لوگ ایک سخت ناپسندیدہ اور جُھوٹی بات کہتے ہیں، 3 اور حقیقت یہ ہے کہ اللہ بڑا معاف کرنے والا اور درگزر فرمانے والا ہے۔ 4
58:31 جو لوگ اپنی بیویوں سے ظِہار کریں پھر اپنی اُس بات سے رجُوع کریں جو انہوں نے کہی تھی، 2 تو قبل اس کے کہ دونوں ایک دوسرے کو ہاتھ لگائیں، ایک غلام آزاد کرنا ہوگا۔ اِس سے تم کو نصیحت کی جاتی ہے، 3 اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے باخبر ہے۔ 4
58:4اور جو شخص غلام نہ پائے وہ دو مہینے کے پے درپے روزے رکھے قبل اس کے کہ دونوں ایک دوسرے کو ہاتھ لگائیں۔ اور جو اس پر بھی قادر نہ ہو وہ ساٹھ (۶۰) مسکینوں کو کھانا کھلائے۔ 1 یہ حکم اِس لیے دیا جارہا ہے کہ تم اللہ اور اُس کے رسُول پر ایمان لاؤ۔2 یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں، اور کافروں کے لیے دردناک سزا ہے۔ 3
58:5جو لوگ اللہ اور اُس کے رسُول کی مخالفت کرتے ہیں 1 وہ اسی طرح ذلیل و خوار کر دیے جائے گے جس طرح ان سے پہلے کے لوگ ذلیل و خوار کیے جا چکے ہیں۔ 2 ہم نے صاف صاف آیات نازل کر دی ہیں، اور کافروں کے لیے ذلّت کا عذاب ہے۔ 3
58:6اُس دن (یہ ذلّت کا عذاب ہونا ہے) جب اللہ ان سب کو پھر سے زندہ کرکے اُٹھائے گا اور انہیں بتادےگا کہ وہ کیا کچھ کرکے آئیں ہیں۔ وہ بُھول گئے ہیں مگر اللہ نے ان کا سب کیا دھرا گِن گِن کر محفوظ کر رکھا ہے 1 اور اللہ ایک ایک چیز پر شاہد ہے