60:12اے نبی ؐ ، جب تمہارے پاس مومن عورتیں بیعت کرنے کے لیے آئیں1 اور اس بات کا عہد کریں کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گی ، چوری نہ کریں گی،2 زنا نہ کریں گی، اپنی اولادکو قتل نہ کریں گی،3 اپنے ہاتھ پاؤں کے آگے کوئی بہتان گھڑ کر نہ لائیں گی،4 اور کسی امرِ معروف میں تمہاری نافرمانی نہ کریں گی، 5 تو ان سے بیعت لے لو6 اور اُن کے حق میں اللہ سے دعا ئے مغفرت کرو، یقیناً اللہ درگزر فرمانے والا اور رحم کرنے والا ہے
60:13اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، اُن لوگوں کو دوست نہ بناؤ جن پر اللہ نے غضب فرمایا ہے، جو آخرت سے اسی طرح مایوس ہیں جس طرح قبروں میں پڑے ہوئے کافر مایوس ہیں۔1
61:1اللہ کی تسبیح کی ہے ہراُس چیز نے جو آسمانوں اور زمین میں ہے، اور وہ غالب اور حکیم ہے۔ 1
61:2اے لوگو جو ایمان لائے ہو، تم کیوں وہ بات کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو؟
61:3اللہ کے نزدیک یہ سخت ناپسندیدہ حرکت ہے کہ تم کہو وہ بات جو کرتے نہیں۔ 1
61:4اللہ کو تو پسند وہ لوگ ہیں جو اُس کی راہ میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ 1
61:5اور یاد کرو موسٰیؑ کی وہ بات جو اس نے اپنی قوم سے کہی تھی کہ”اے میری قوم کے لوگو ،تم کیوں مجھے اذیّت دیتے ہو حالانکہ تم خوب جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں؟“ 1 پھر جب انہوں نے ٹیڑھ اختیار کی تو اللہ نے ان کے دل ٹیڑھے کر دیے ، اللہ فاسقوں کو ہدایت نہیں دیتا۔ 2