64:1اللہ کی تسبیح کر رہی ہے ہر وہ چیز جو آسمانوں میں ہے اور ہر وہ چیز جو زمین میں ہے۔ 1 اُسی کی بادشاہی ہے 2 اور اُسی کے لیے تعریف ہے 3 اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ 4
64:2وہی ہے جس نے تم کو پیدا کیا ،پھر تم میں سے کوئی کافر ہے اور کوئی مومن، 1 اور اللہ وہ سب کچھ دیکھ رہا ہے جو تم کرتے ہو۔ 2
64:3اُس نے زمین اور آسمانوں کو برحق پیدا کیا ہے، اور تمہاری صورت بنائی اور بڑی عمدہ بنائی ہے، اور اُسی کی طرف آخر کار تمہیں پلٹنا ہے۔ 1
64:4زمین اور آسمانوں کی ہر چیز کا اُسے علم ہے۔ جو کچھ تُم چُھپاتے ہو اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو 1 سب اُس کو معلوم ہے، اور وہ دلوں کا حال تک جانتا ہے۔ 2
64:5کیا تمہیں اُن لوگوں کی کوئی خبر نہیں پہنچی جنہوں نے اِس سے پہلے کُفر کیا اور پھر اپنی شامتِ اعمال کا مزہ چکھ لیا؟ اور آگے اُن کے لیے ایک درد ناک عذاب ہے۔ 1
64:6اِس انجام کے مستحق وہ اس لیے ہوئے کہ اُن کے پاس اُن کے رسوُل کُھلی کُھلی دلیلیں اور نشانیاں لے کر آتے رہے،1 مگر اُنہوں نے کہا”کیا انسان ہمیں ہدایت دیں گے“؟ 2 اس طرح انہوں نے ماننے سے انکار کر دیا اور منہ پھیر لیا، تب اللہ بھی ان سے بے پرواہ ہو گیا اور اللہ تو ہے ہی بے نیاز اور اپنی ذات میں آپ محمود۔ 3
64:7مُنکرین نے بڑے دعوے سے کہا ہے کہ وہ مرنے کے بعد ہر گز دوبارہ نہ اُٹھائے جائیں گے۔ 1 ان سے کہو”نہیں، میرےرب کی قسم تم ضرور اُٹھائے جاؤ گے، 2 پھر ضرور تمہیں بتایا جائے گا کہ تم نے (دنیا میں)کیا کچھ کیا ہے، 3 اور ایسا کرنا اللہ کے لیے بہت آسان ہے۔“ 4
64:8پس ایمان لاؤ اللہ پر، اور اُس کے رسُول پر ، اور اُس روشنی پر جو ہم نے نازل کی ہے۔ 1 جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اُس سے باخبر ہے۔
64:9(اِس کا پتہ تمہیں اُس روز چل جائے گا) جب اجتماع کے دن وہ تم سب کواکٹھا کرے گا۔ 1 وہ دن ہوگا ایک دُوسرے کے مقابلے میں لوگوں کی ہار جیت کا۔2 جو اللہ پر ایمان لایاہے اور نیک عمل کرتا ہے، 3 اللہ اُس کے گناہ جھاڑ دے گا اور اُسے ایسی جنّتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ یہ لوگ ہمیشہ ہمیشہ ان میں رہیں گے۔ یہی بڑی کامیابی ہے