67:27پھر جب یہ اُس چیز کو قریب دیکھ لیں گے تو اُن سب لوگوں کے چہرے بگڑ جائیں گے جنہوں نے انکار کیا ہے، 1 اور اُس وقت ان سے کہا جائے گا کہ یہی ہے وہ چیز جس کے لیے تم تقاضے کر رہے تھے
67:28اِن سے کہو، کبھی تم نے یہ بھی سوچا کہ اللہ خواہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہلاک کر دے یا ہم پر رحم کرے، کافروں کو دردناک عذاب سے کون بچا لے گا؟ 1
67:29اِن سے کہو، وہ بڑا رحیم ہے، اسی پر ہم ایمان لائے ہیں، اور اُسی پر ہمارا بھروسا ہے، 1 عنقریب تمہیں معلوم ہوجائے گا کہ صریح گمراہی میں پڑا ہوا کون ہے
67:30اِن سےکہو، کبھی تم نے یہ بھی سوچا کہ اگر تمہارے کنووٴں کا پانی زمین میں اُتر جائے تو کون ہے جو اِس پانی کی بہتی ہوئی سوتیں تمہیں نکال کر لادے گا؟ 1
68:1ن۔ قسم ہے قلم کی اور اُس چیز کی جسے لکھنے والے لکھ رہے ہیں، 1
68:2تم اپنے ربّ کے فضل سے مجنون نہیں ہو۔ 1
68:3اور یقیناً تمہارے لیے ایسا اجر ہے جس کا سلسلہ کبھی ختم ہونے والا نہیں۔ 1
68:4اور بےشک تم اخلاق کے بڑے مرتبے پر ہو۔ 1
68:5عنقریب تم بھی دیکھ لو گے اور وہ بھی دیکھ لیں گے
68:6کہ تم میں سے کون جنون میں مبتلا ہے
68:7تمہارا رب اُن لوگوں کو بھی خوب جانتا ہے جو اس کی راہ سے بھٹکے ہوئے ہیں، اور وہی ان کو بھی اچھی طرح جانتا ہے جو راہ راست پر ہیں
68:8لہٰذا تم اِن جھٹلانے والوں کے دباؤ میں ہرگز نہ آؤ
68:9یہ تو چاہتے ہیں کہ کچھ تم مداہنت کرو تو یہ بھی مداہنت کریں۔ 1
68:10ہر گز نہ دبو کسی ایسے شخص سے جو بہت قسمیں کھانے والا بے وقعت آدمی ہے، 1
68:11طعنے دیتا ہے، چغلیاں کھاتا پھرتا ہے
68:12بھلائی سے روکتا ہے، 1 ظلم و زیادتی میں حد سے گزر جانے والا ہے، سخت بد اعمال ہے، جفا کار ہے، 2
68:13اور اِن سب عیوب کے ساتھ بد اصل ہے، 1
68:14اِس بنا پر کہ وہ بہت مال و اولاد رکھتا ہے۔ 1
68:15جب ہماری آیات اُس کو سنائی جاتی ہیں تو کہتا ہے یہ تو اگلے وقتوں کے افسانے ہیں
68:16عنقریب ہم اُس کی سُونڈ پر داغ لگائیں گے۔ 1