84:25البتہ جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں ان کے لیے کبھی ختم نہ ہونے والا اجر ہے
85:1قسم ہے مضبُوط قلعوں والے آسمان کی، 1
85:2اور اُس دن کی جس کا وعدہ کیا گیا ہے، 1
85:3اور دیکھنے والے کی اور دیکھی جانے والی چیز کی 1
85:4کہ مارے گئے گڑھے والے
85:5(اُس گڑھے والے) جس میں خوب بھڑکتے ہوئے ایندھن کی آگ تھی
85:6جبکہ وہ اُس گڑھے کے کنارے بیٹھے ہوئے تھے
85:7اور جو کچھ وہ ایمان لانے والوں کے ساتھ کر رہے تھے اُسے دیکھ رہے تھے۔ 1
85:8اور اُن اہل ایمان سے اُن کی دشمنی اِس کے سوا کسی وجہ سے نہ تھی کہ وہ اُس خدا پر ایمان لے آئے تھے جو زبردست اور اپنی ذات میں آپ محمود ہے
85:9جو آسمانوں اور زمین کی سلطنت کا مالک ہے، اور وہ خدا سب کچھ دیکھ رہا ہے۔ 1
85:10جن لوگوں نے مومن مردوں اور عورتوں پر ظلم و ستم توڑا اور پھر اس سے تائب نہ ہوئے، یقیناً اُن کے لیے جہنّم کا عذاب ہے اور ان کے لیے جَلائے جانے کی سزا ہے۔ 1
85:11جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، یقیناً اُن کے لیے جنت کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، یہ ہے بڑی کامیابی
85:12درحقیقت تمہارے رب کی پکڑ بڑی سخت ہے
85:13وہی پہلی بار پیدا کرتا ہے اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا
85:14اور وہ بخشنے والا ہے، محبت کرنے والا ہے
85:15عرش کا مالک ہے، بزرگ و برتر ہے
85:16اور جو کچھ چاہے کر ڈالنے والا ہے۔ 1
85:17کیا تمہیں لشکروں کی خبر پہنچی ہے؟
85:18فرعون اور ثمود (کے لشکروں)کی؟ 1
85:19مگر جنہوں نے کفر کیا ہے وہ جھٹلانے میں لگے ہوئے ہیں
85:20حالانکہ اللہ نے ان کو گھیرے میں لے رکھا ہے
85:21(اُن کے جھٹلانے سے اِس قرآن کا کچھ نہیں بگڑتا) بلکہ یہ قرآن بلند پایہ ہے
85:22اُس لوح میں (نقش ہے) جو محفوظ ہے۔ 1