41:1ح م
41:2یہ خدائے رحمان و رحیم کی طرف سے نازل کردہ چیز ہے
41:3ایک ایسی کتاب جس کی آیات خوب کھول کر بیان کی گئی ہیں، عربی زبان کا قرآن، اُن لوگوں کے لیے جو علم رکھتے ہیں
41:4بشارت دینے والا اور ڈرانے والا۔ 1 مگر اِن لوگوں میں سے اکثر نے اس سے رُو گردانی کی اور وہ سُن کر نہیں دیتے
41:5کہتے ہیں”جس چیز کی طرف تُو ہمیں بُلا رہا ہے اس کے لیے ہمارے دلوں پر غلاف چڑھے ہوئے ہیں، 1 ہمارے کان بہرے ہوگئے ہیں، اور ہمارے اور تیرے درمیان ایک حجاب حائل ہو گیا ہے۔ 2 تُو اپنا کام کر ، ہم اپنا کام کیے جائیں گے۔“ 3
41:6اے نبی ؐ، اِن سے کہو، میں تو ایک بشر ہوں تم جیسا۔ 1 مجھے وحی کے ذریعہ سے بتایا جاتا ہے کہ تمہارا خدا تو بس ایک ہی خدا ہے 2 ، لہٰذا تم سیدھے اُسی کا رُخ اختیار کرو 3 اور اس سے معافی چاہو۔ 4 تباہی ہے اُن مشرکوں کے لیے
41:7جو زکوٰة نہیں دیتے 1 اور آخرت کے منکر ہیں
41:8رہے وہ لوگ جنہوں نے مان لیا اور نیک اعمال کیے، اُن کے لیے یقیناً ایسا اجر ہے جس کا سلسلہ ٹوٹنے والا نہیں ہے۔ 1
41:9اے نبیؐ! اِن سے کہو، کیا تم اُس خدا سے کفر کرتے ہو اور دوسروں کو اُس کا ہمسر ٹھیراتے ہو جس نے زمین کو دو دنوں میں بنا دیا؟ وہی تو سارے جہان والوں کا رب ہے
41:10اُس نے (زمین کو وجود میں لانے کے بعد)اوپر سے اس پر پہاڑ جمادیے اور اس میں برکتیں رکھ دیں 1 اور اس کے اندر سب مانگنے والوں کے لیے ہر ایک کی طلب و حاجت کے مطابق ٹھیک اندازے سے خوراک کا سامان مہیّا کر دیا۔ 2 یہ سب کام چار دن میں ہو گئے۔ 3
41:11پھر وہ آسمان کی طرف متوجہ ہوا جو اُس وقت دھواں تھا۔ 1 اُس نے آسمان اور زمین سے کہا”وجود میں آجاوٴ، خواہ تم چاہو یا نہ چاہو۔“ دونوں نے کہا”ہم آگئے فرمانبرداروں کی طرح۔“ 2