80:1ترش رو ہوا، اور بے رخی برتی
80:2اِس با ت پر کہ وہ اندھا اُس کے پاس آگیا۔1
80:3تمہیں کیا خبر، شاید وہ سدھر جائے
80:4یا نصیحت پر دھیان دے، اور نصیحت کرنا اس کے لیے نافع ہو؟
80:5جو شخص بے پروائی برتتا ہے
80:6اس کی طرف تو تم توجہ کرتے ہو
80:7حالانکہ اگر وہ نہ سدھرے تو تم پر اس کی کیا ذمہ داری ہے؟
80:8اور جو خود تمہارے پاس دوڑا آتا ہے
80:9اور وہ ڈر رہا ہوتا ہے
80:10اس سے تم بے رُخی برتتے ہو۔ 1
80:11ہر گز نہیں، 1 یہ تو ایک نصیحت ہے، 2
80:12جس کا جی چاہے اِسے قبول کرے
80:13یہ ایسے صحیفوں میں درج ہے جو مکرم ہیں
80:14بلند مرتبہ ہیں، پاکیزہ ہیں، 1
80:15معزّز اور نیک کاتبوں 1 کے
80:16ہاتھوں میں رہتے ہیں۔ 1
80:17لعنت ہو 1 انسان پر، 2 کیسا سخت مُنکرِ حق ہے یہ۔ 3
80:18کس چیز سے اللہ نے اِسے پیدا کیا ہے؟
80:19نُطفہ کی ایک بُوند سے۔ 1 اللہ نے اِسے پیدا کیا، پھر اِس کی تقدیر مقرر کی، 2
80:20پھر اِس کے لیے زندگی کی راہ آسان کی، 1
80:21پھر اِسے موت دی اور قبر میں پہنچایا۔ 1
80:22پھر جب چاہے وہ اِسے دوبارہ اُٹھا کھڑا کرے۔ 1
80:23ہر گز نہیں، اِس نے وہ فرض ادا نہیں کیا جس کا اللہ نے اِسے حکم دیا تھا۔ 1
80:24پھر ذرا انسان اپنی خوراک کو دیکھے۔ 1
80:25ہم نے خُوب پانی لُنڈھایا، 1
80:26پھر زمین کو عجیب طرح پھاڑا، 1
80:27پھر اُس کے اندر اگائے غلے
80:28اور انگور اور ترکاریاں
80:29اور زیتون اور کھجوریں
80:30اور گھنے باغ
80:31اور طرح طرح کے پھل، اور چارے
80:32تمہارے لیے اور تمہارے مویشیوں کے لیے سامانِ زیست کے طور پر۔ 1
80:33آخر کار جب وہ کان بہرے کر دینے والی آواز بلند ہوگی 1
80:34اُس روز آدمی اپنے بھائی سے بھاگے گا
80:35اور اپنی ماں اور اپنے باپ
80:36اور اپنی بیوی اور اپنی اولاد سے بھاگے گا۔ 1
80:37ان میں سے ہر شخص پر اس دن ایسا وقت آپڑے گا کہ اسے اپنے سوا کسی کا ہوش نہ ہوگا۔ 1
80:38کچھ چہرے اُس روز دمک رہے ہوں گے
80:39ہشاش بشاش اور خوش و خرم ہوں گے
80:40اور کچھ چہروں پر اس روز خاک اڑ رہی ہوگی